دیکھوں گا کیا مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکتا ہے،ڈونلڈ ٹرمپ
Donald Trump
فائل فوٹو
واشنگٹن:(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کیا ہزاروں سال بعد بھی مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکتا ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا خطے میں امن چاہتا ہے اور پاکستان و بھارت کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کو فروغ دے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لا کر دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کی کوئی سبیل پیدا کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر میں خوف کی فضا،بھارتی شہریوں کیلئے ٹرینیں روانہ

واضح رہے کہ یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بُنيَان مَّرْصُوْص (آہنی دیوار) کے دوران بھارت کے اندر 10 سے زائد اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس حملے کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی انتہائی حد تک بڑھ گئی تھی۔

صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر امریکا نے فوری طور پر سفارتی کوششیں تیز کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کو جنگ بندی پر آمادہ کیا۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا کی ثالثی میں دونوں ممالک فوری جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا یہ بیان جنوبی ایشیا کی سیاست میں ایک نئی لہر پیدا کر سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔