
ذرائع کے مطابق مودی سرکار نے جعلی میزائل حملوں کے لیے بھارتی پنجاب کی سرزمین کا انتخاب کیا ہے جبکہ بھارتی سکھوں نے مودی کی چالبازیوں اور جھوٹے حملوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارتی سکھوں نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ مودی کی جھوٹی سازشیں بے نقاب کریں گے، پاکستان پر الزام تراشیوں اور مودی کی ساکھ بچانے کیلئے پنجاب کی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
بھارتی سکھوں نے مودی کے جنگی عزائم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو فالس فلیگ کیلئے پنجاب کی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مودی اپنے مذموم عزائم اور بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ بچانے کیلئے ہماری زمین استعمال کر رہا ہے۔
سکھ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت نے پنجاب کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کی تو سخت ردِعمل ہوگا، ہم مودی حکومت کے فالس فلیگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کا سکھ فوجیوں کو پاکستان کیخلاف نہ لڑنے کا مشورہ
اس حوالے سے دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی سکھوں نے مودی کے من گھڑت بیانیے کو مسترد کر دیا ہے، بھارتی پنجاب کےسکھ بھی جان چکے ہیں کہ مودی اپنے مذموم مقاصد کے لیے بھارتی پنجاب کی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ نے بھی سکھ فوجیوں کو پاکستان کیخلاف نہ لڑنے کا مشورہ دیا تھا۔
خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ مودی کا بھارت بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈے کو حاصل کرنے کے لیے سکھ فوجیوں کو پاکستان کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، مودی کی جہالت کی جنگ کو "ناں" کہو، پاکستان کے خلاف مت لڑو۔