اسکول کے کھانے میں سانپ، 100 سے زائد بچے اسپتال منتقل
Dead snake in school meal
فائل فوٹو
ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار کے شہر موکاما میں ایک سرکاری اسکول میں بچوں کو دیے گئے مضر صحت کھانے نے سنگین صورتحال پیدا کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکول کے دوپہر کے کھانے میں مردہ سانپ پایا گیا، جسے نکالنے کے بعد بھی وہی کھانا بچوں کو پیش کر دیا گیا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسکول کے شیف نے کھانے کے دوران مردہ سانپ دیکھ کر اسے نکال باہر پھینکا، مگر بغیر کسی حفاظتی اقدام کے وہی کھانا تقریباً 500 بچوں کو فراہم کر دیا،اس کھانے کے بعد 100 سے زائد بچوں کی طبیعت بگڑ گئی، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

مقامی افراد نے بچوں کی صحت سے کھیلنے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے سڑک بند کر کے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مظاہرین نے اسکول انتظامیہ کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریاستی حکام سے دو ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ بچوں کی صحت اور زندگیوں سے غفلت ناقابل برداشت ہے۔

واضھ رہے کہ یہ واقعہ نہ صرف اسکول انتظامیہ کی لاپروائی کو بے نقاب کرتا ہے بلکہ بھارت میں اسکولوں میں دی جانے والی غذاؤں کے معیار پر بھی کئی سوالات اٹھا رہا ہے۔