سانپ کی انٹری، بلٹ ٹرین سروس معطل
Japan bullet train delay due to snake
فائل فوٹو
ٹوکیو:(ویب ڈیسک) جدید ٹیکنالوجی رکھنے والے ملک جاپان میں ایک غیرمعمولی واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سانپ نے بلٹ ٹرین کی رفتار کو بریک لگا دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کی تیز رفتار اور مصروف ترین بلٹ ٹرین سروس اُس وقت متاثر ہوئی جب ایک 39 انچ لمبا سانپ ٹرین کی بجلی لائن میں پھنس گیا۔

رپورٹس کے مطابق سانپ کی موجودگی سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی، جس کے نتیجے میں ٹوکیو اور اوساکا کے درمیان چلنے والی تیز رفتار ٹرین سروس ڈیڑھ گھنٹے تک مکمل طور پر معطل رہی۔ اس تاخیر سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی شیڈولز متاثر ہوئے۔

جاپانی حکام نے فوری طور پر بجلی لائن کا معائنہ کیا اور مرمت کا عمل شروع کیا، جس کے بعد سروس بحال کر دی گئی۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ جدید ترین نظام بھی فطرت کے غیر متوقع عناصر کے سامنے بے بس ثابت ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی کے نظام کو مزید محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

یہ منفرد واقعہ جاپانی سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا ہے جہاں صارفین نے سانپ کو "سست روی کا سفیر" قرار دے دیا ہے۔