فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی پر بھارتی فوج میں ہلچل، لیفٹیننٹ جنرل کمار فارغ
بھارت میں پہلگام میں ہونے والے ناکام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی سرکار شدید دباؤ اور بکھلاہٹ کا شکار ہو گئی
لیفٹیننٹ جنرل پراتک شرما / فائل فوٹو
نئی دہلی: (سنو نیوز) بھارت میں پہلگام میں ہونے والے ناکام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی سرکار شدید دباؤ اور بکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ اس ناکامی کا تمام ملبہ بھارتی فوج کی ناردرن کمانڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایم وی ایس کمار پر ڈال کر انہیں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

حکومت نے اعلان کیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل پراتک شرما یکم مئی سے ناردرن کمانڈ کی کمان سنبھالیں گے۔ یہ تبدیلی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی فوج اور انٹیلیجنس ادارے تنقید کی زد میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق، پہلگام آپریشن میں مکمل انٹیلیجنس اور سیکیورٹی ناکامی ہے۔ جس میں بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز، پولیس، اور خفیہ ادارے سبھی ناکامی کا شکار ہوئے۔ اس ناکامی نے نہ صرف بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سوال اٹھا دیئے بلکہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی اور داخلی سلامتی کے دعوؤں کو بھی جھوٹا ثابت کر دیا۔

یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ایم وی ایس کمار نے پہلگام واقعے کے فوراً بعد پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی فوری فوجی کارروائی سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ بغیر مکمل شواہد کے کسی بھی مہم جوئی کا نتیجہ نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ تاہم مودی حکومت نے ان کے اس مؤقف کو ناپسند کیا اور انہیں ذمہ دار ٹھہرا کر عہدے سے فارغ کر دیا۔

بھارتی حکومت کی یہ حکمت عملی تنقید کی زد میں آ گئی ہے، کیونکہ مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی ناکامی کا بوجھ فوجی افسران پر ڈال کر اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے بھارت ماضی میں بھی پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے، لیکن حالیہ ناکامی نے ایک بار پھر بھارت کی چالاکیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔