پاکستان ایٹمی طاقت ہے، جنگ کی تو مار پڑے گی،سابق بھارتی جنرل
Indian General HS Panag Statement
فائل فوٹو
نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بھارت کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس پناگ نے پاکستان کی عسکری صلاحیت کا کھل کر اعتراف کرتے ہوئے جنگ سے خبردار کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل ایچ ایس پناگ نے پہلگام واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے سیاحوں پر ہونے والا سب سے مہلک حملہ قرار دیا، تاہم انہوں نے بھارتی حکومت کو جذباتی ردعمل سے گریز کرتے ہوئے سوچ سمجھ کر اقدامات اٹھانے کا مشورہ دیا۔

ریٹائرڈ جنرل کا کہنا تھا کہ عوامی دباؤ میں آ کر کوئی بھی جلد بازی کا فیصلہ بھارت کیلئے خطرناک نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کو یہ حقیقت نظر انداز نہیں کرنی چاہیے کہ پاکستان اب بھی ایک فعال ایٹمی ریاست ہے جس کے پاس ہر طرح کی جوابی کارروائی کی قابلِ عمل حکمت عملی موجود ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو کسی بھی میدان چاہے وہ میزائل، ڈرون، فضائی یا سمندری قوت ہو،ان میں کوئی ایسی تکنیکی برتری حاصل نہیں جس کی بنیاد پر وہ بغیر خطرے کے پاکستان پر جوابی حملہ کر سکے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان ایک مکمل ایٹمی قوت ہے اور کسی بھی محدود جنگ کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب جنرل پناگ کے اس بیان نے بھارت میں سنجیدہ حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے، جہاں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا جنگی جنون کے بجائے سفارتی راستے پر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے؟