
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں آنیوالے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ترکیہ کے شہر مرمرا ایگریلیسی کے جنوب مشرق میں 21 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا جبکہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ استنبول میں زلزلے کے جھٹکے دوپہر 12 بج کر 49 منٹ پر محسوس کیے گئے جبکہ بعدازاں زلزلے کے دو آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.5 اور دوسرے آفٹر شاک کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی۔
ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے لوگ زلزلے کے خوف سے گھروں سے باہر نکل آئے اور اپنے پیاروں کی خیریت معلوم کرنے کیلئے ایک دوسرے سے ٹیلیفون پر رابطے کرتے رہے۔
ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فی الحال زلزلے کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم ساحل سمندر کے قریب بلندوبالا عمارتوں کا احتیاطی طور پر خالی کرالیا گیا ہے۔
ادھر ترک خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے خوف کے باعث ایک شخص نے بالکونی سے چھلانگ لگادی جس سے وہ زخمی ہو گیا تاہم اسے علاج معالجے کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ 6 فروری 2023 کو 7.8 شدت کے زلزلے اور اس کے چند گھنٹے بعد آنے والے دوسرے طاقتور جھٹکے سے ترکیہ کے 11 جنوبی اور جنوب مشرقی صوبوں میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، جس سے ہزاروں افراد ابدی نیند سو گئے تھے۔