موٹر سائیکلوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازم، ترمیمی بل تیار
ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات سے تحفظ کے لئے حکومت پنجاب سرگرم ہے اور اب موٹر گاڑیوں کے بعد موٹر سائیکلوں کیلئے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازم ہوگا
موٹرسائیکل سوار/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات سے تحفظ کے لئے حکومت پنجاب سرگرم ہے اور اب موٹر گاڑیوں کے بعد موٹر سائیکلوں کیلئے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازم ہوگا۔

 حکومت پنجاب نے سموگ کی روک تھام کے لئے آرڈیننس میں دیگر ترامیم کا فیصلہ کر لیا۔ ترمیمی بل صوبائی موٹر گاڑیاں ترمیم ایکٹ 2025 کے نام سے پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا گیا ہے جس میں تجویز دی گئی ہے کہ ایکٹ کے تحت صوبائی موٹر گاڑیاں آرڈیننس 1965 میں ترامیم کی جائیں۔

ترمیمی بل متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے، کمیٹی 2 ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ آرڈیننس 1965 کی شق 38 اے میں جہاں گاڑی کا لفظ ہے اس کے ساتھ موٹر سائیکل کا لفظ لکھا جائے گا۔ بل کا متن ہے کہ موٹر سائیکل کے لئے فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازم ہو گا، اس لئے ترمیم کی ضرورت ہے۔

فٹنس سرٹیفکیٹ کی میعاد 1 سال تک ہو گی۔ابھی فٹنس سرٹیفکیٹ صرف گاڑیوں کے لئے لازم ہے ، جب کہ پنجاب 85 فیصد بطور سواری موٹر سائیکل استعمال ہوتی ہے ۔فٹنس سرٹیفکیٹ رجیم کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے ترمیم کی ضرورت ہے۔