
اُن کے انتقال پر نہ صرف ملائیشیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ایتھوپیا کے عزازی قونصل جنرل ابراہیم تواب نے سابق وزیراعظم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ابراہیم تواب نے کہا کہ تون عبداللہ احمد بداوی ایک دیانتدار، مخلص اور صاحبِ بصیرت رہنما تھے جنہوں نے ملائیشیا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی قیادت میں ملائیشیا نے معاشی استحکام، سماجی ہم آہنگی اور بین الاقوامی تعلقات کے میدان میں مثالی پیش رفت کی۔ اُن کی بصیرت افروز پالیسیوں اور نرم گفتاری نے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی۔
ابراہیم تواب کا کہنا تھا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں ملائیشیا کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ تون عبداللہ احمد بداوی 2003 سے 2009 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے اور اُن کا دور حکومت ملکی اتحاد، اقتصادی ترقی اور شفاف حکمرانی کے حوالے سے یادگار رہا۔ ان کے انتقال سے ملائیشیا ایک مخلص، مدبر اور نیک نیت رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔