مکہ مکرمہ میں داخلے کیلئے پرمٹ لازمی قرار
Khana Kaba
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، اسی سلسلے میں وزارت داخلہ نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے 23 اپریل سے مکہ مکرمہ میں داخلے کیلئے پرمٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق سعودی عرب میں مقیم غیرملکی شہریوں کو 23 اپریل کے بعد مکہ مکرمہ میں جانے کیلئے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

پرمٹ کے بغیر سفر کرنے والے افراد کو مکہ کی حدود میں قائم چیک پوسٹس جیسے شمیسی سے واپس بھیج دیا جائے گا۔ تاہم، وہ افراد جن کے اقامے (رہائشی اجازت نامے) مکہ مکرمہ ہی سے جاری ہوئے ہیں، اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

وزارت داخلہ نے مزید وضاحت کی کہ عمرہ ویزہ پر مملکت میں موجود غیرملکی زائرین کو 29 اپریل تک اپنے وطن واپس لوٹنا ہوگا، بصورت دیگر اسے ضابطہ کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

ایسے افراد جو پیشہ ورانہ خدمات یا کام کے سلسلے میں مکہ یا مشاعر مقدسہ کا رخ کرتے ہیں، انہیں ابشر یا مقیم پورٹل سے پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔ اسی طرح  خلیج تعاون کونسل (GCC) کے شہریوں اور دیگر ویزوں پر موجود غیرملکیوں کیلئے 29 اپریل سے 10 جون تک نسک پورٹل سے عمرہ پرمٹ کا اجرا معطل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ فیصلہ حج سیزن کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی معاملات کو مؤثر بنانے کیلئے کیا گیا ہے، تاکہ زائرین کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔