تاجکستان اور میانمارزلزلے سے لرز اٹھے
Tajikistan and Myanmar earthquake aftershocks
فائل فوٹو
دوشنبے :(ویب ڈیسک) تاجکستان اور میانمار میں زلزلوں کے شدید جھٹکوں نے ایک بار پھر خوف کی فضا قائم کر دی۔

یورپی بحیرہ روم زلزلہ مرکز (EMSC) کے مطابق تاجکستان میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.9 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز زمین سے 16 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ 

دوسری جانب میانمار میں بھی زلزلے نے لوگوں کو دہلا دیا، محسوس کیے گئے جھٹکوں کی شدت 5.6 تھی، جو زمین کی سطح سے 35 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔ اس زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق 28 مارچ کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد سے اب تک 468 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ 

جمعہ کے روز بھی میانمار میں 4.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جو صرف 10 کلومیٹر کی گہرائی پر تھا، جس سے ماہرین نے آفٹر شاکس کے مزید خطرات کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ 

ذہن نشین رہے کہ پاکستان میں بھی گزشتہ روز اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلوں کی یہ سرگرمیاں قدرتی ٹیکٹونک پلیٹس کی حرکت کا نتیجہ ہیں، عوام سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے۔