
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا میں رن وے پر 2 طیارے آپس میں ٹکرا گئے،جن میں سے ایک طیارے میں 3 امریکی اراکینِ کانگریس بھی سوار تھے۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم دونوں طیاروں کو ناقابلِ پرواز قرار دے کر فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب امریکن ایئرلائنز کے دو طیارے ٹیکسی کر رہے تھے۔ دورانِ ٹیکسی ان کے پر آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دونوں طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد ایئرپورٹ حکام اور سیکیورٹی اداروں نے رن وے کو بند کر دیا اور مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک طیارے میں سوار تین کانگریس اراکین کو فوری طور پر محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے، اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکہ میں فضائی حادثات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے،اس سے قبل نیویارک میں ایک ہیلی کاپٹر دریائے ہڈسن میں گرنے سے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔



