ہیلی کاپٹر دریا میں گر کر تباہ،تمام مسافر لقمہ اجل بن گئے
New York helicopter crash
فائل فوٹو
نیویارک:(ویب ڈیسک) نیویارک میں ایک افسوسناک واقعے میں ہیلی کاپٹر دریائے ہڈسن میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

امریکی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں پائلٹ، 3 بچے اور 2 بالغ شامل تھے، جو تمام کے تمام حادثے میں ہلاک ہو گئے۔

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں کو دریا سے نکال لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر فضا میں اچانک 2 حصوں میں تقسیم ہوا اور پھر تیزی سے نیچے دریا میں گر گیا، جس کے بعد جائے وقوعہ پر افراتفری کا عالم تھا۔

نیویارک کے میئر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق اسپین سے تھا، یہ خاندان سیاحتی دورے پر امریکہ آیا ہوا تھا۔ 

دوسری جانب فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا پتا چلایا جا سکے۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی یا موسمی حالات کو قرار نہیں دیا گیا، تاہم تمام پہلوؤں سے جانچ جاری ہے۔

واضح رہے کہ یہ افسوسناک حادثہ نیویارک شہر میں سیاحت کے دوران پیش آنے والے حادثات میں سے ایک بدترین سانحہ قرار دیا جا رہا ہے۔