بھارت میں ایک اور طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
بھارت کی ریاست گجرات کے مہسانہ ضلع میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں خاتون ٹرینی پائلٹ زخمی ہوگئیں
بھارت کی ریاست گجرات کے مہسانہ ضلع میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا/ فائل فوٹو
ممبئی: (سنو نیوز) بھارت کی ریاست گجرات کے مہسانہ ضلع میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں خاتون ٹرینی پائلٹ زخمی ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے مہسانہ ضلع میں پیر کی شام تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں خاتون ٹرینی پائلٹ زخمی ہو گئیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مہسانہ تعلقہ پولیس سٹیشن کے انسپکٹر ڈی جی بدوا کے مطابق سنگل انجن والا طیارہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر مہسانہ شہر کے قریب اُچارپی گاؤں میں گر کر تباہ ہوگیا۔ مہسانہ ہوائی اڈے سے ٹیک آف کرنے کے بعد ایوی ایشن اکیڈمی کا ٹرینر طیارہ اُچارپی کے ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں طیارے گرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل بھی اس طرح کے حادثات ہوچکے ہیں، ایک جانب بھارت ایف 35 طیارے خریدنے کی بات کرتا ہے اور دوسری طرف تربیتی طیارے سنبھالے نہیں جا رہے، رواں ماہ کی 7 تاریخ کو ایک ہی دن میں دو بھارتی طیارے گر کر تباہ ہوگئے جن میں ایک لڑاکا طیارہ تھا۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج میں فضائی حادثے معمول بن چکے ہیں، بھارتی فضائیہ خود اپنے لیے اُڑتا پھرتا شمشان گھاٹ بنتا جا رہا ہے۔

گزشتہ سال کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 30 برس کے دوران بھارتی فضائیہ کے 534 چھوٹے بڑے طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں، ان حادثات میں مجموعی طور پر 152 بھارتی پائلٹ ہلاک ہوئے، صرف گزشتہ 5 برس میں 45 فضائی حادثات ہوئے ہیں۔