ہم نے عمران خان کو ہر صورت جیل سے نکالنا ہے: اعظم سواتی
 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ہم نے ہر صورت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے نکالنا ہے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ہم نے ہر صورت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے نکالنا ہے۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ میری بانی پی ٹی آئی عمران خان سے دیگر دو لوگوں کے ہمراہ ملاقات ہوئی ہے، عمران خان کو میں نے بتایا ہے سلمان اکرم راجہ آپ کا سودا نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران میں نے بانی کو جنید اکبر کے بارے میں بتایا وہ اچھا کام کررہے ہیں، سردار خان اور اکرام اللہ پر کرپشن کے چارجز ہیں، بانی کو بتایا انکو عہدے دئیے گئے ہیں جس پر عمران خان نے جنید اکبر کی جانب سے کی گئی تعیناتیوں کی فوری واپسی کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کرپشن کے معاملات پر چپ نہیں ہیں، میں علی امین گنڈا پور کی اجازت سے ہی بانی پی ٹی آئی سے ملنے آیا ہوں ، پنجاب کے معاملات پر بھی عمران خان کو بریفنگ میں بتایا ہے کہ عالیہ حمزہ کا راستہ روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اعظم سواتی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مانسہرہ میں ہونیوالی کرپشن کے معاملات پر بتایا جس پر بانی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی اینٹی کرپشن فائنڈنگز کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے تو سپیکر کے پی اسمبلی کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔