
رہنما تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ، شعیب شاہین،اعظم خان سواتی، نادیہ خٹک، تابش فاروق ، مبشر اعوان اور انصر کیانی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے۔
جیل ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے سلمان اکرم راجہ ، شعیب شاہین اور نیاز اللہ نیازی کو ملاقات کیلئے جانے سے روک دیا جبکہ اعظم سواتی، نادیہ خٹک اور مبشر اعوان عمران خان سے ملاقات کیلئے جیل اندر چلے گئے۔
اس موقع پر رہنما تحریک انصاف سلمان اکرم راجا کی جیل انتظامیہ سے توتکار ہوئی، سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ یہ کیسےہوسکتاہے کہ میں نےنام دیے اور مجھےہی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، جیلرصاحب آپ نمبر پورے کررہے ہیں، ہم دوافراد کو روک رہے ہیں،مجھے اور نیاز اللہ نیازی کو بانی سے ملاقات کیلئے بھجیں۔
جیل کے عملے نے کہا کہ ہم پہلےان کو اندر بھیجتے ہیں پھرجو بھی نام آئے ہم اجازت دے دیں گے، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہماری لسٹ کےمطابق صرف اعظم سواتی کوملاقات کے لیے بھجوایا گیا ہے، باقی نام ہماری لسٹ کے مطابق کیوں نہیں لیے گئے۔
جیل عملے کی جانب سے بار بار وکلا انصرکیانی اور تابش فاروق کو اندر بھجوانے ہدایت کی گئی مگر سلمان اکرم راجہ نے دونوں وکلاء کو اندر جانے سے دوبارہ روکتے ہوئے کہا کہ پہلے آپ ہمیں اندربجھوائیں، ہمارے بعد انہیں بھی بجھوا دیں۔
سلمان اکرم راجا نے عملے سے کہا کہ اگر آپ ہمیں اندر جانے کی اجازت نہیں دیں گے تو کوئی بھی اندر نہیں جائے گا،اگر آپ انہیں ملاقات کے لیے بھجوائیں گے تو بانی پی ٹی آئی ناراض ہوں گے، عدالتی احکامات میں واضح لکھا ہے مجھ سمیت بیرسٹر گوہر، اور انتظار پنجوتھہ جو نام دیں گے وہی لوگ عمران خان سے ملاقات کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منگل اور جمعرات 2 دن کی ملاقات بحال کر دی تھی،عدالت عالیہ نے حکم دیا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں ہو گی اورسلمان اکرم راجہ جو نام دیں گے صرف وہی ملاقات کر سکے گا۔