ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا عمران خان سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز
 ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق پوچھے گئے سوال پرکسی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کر دیا۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق پوچھے گئے سوال پرکسی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کر دیا۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا دینے سے انکار کردیا۔

ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات پربات نہیں کی جائے گی، چاہیں تو اس حوالے سے وائٹ ہاؤس سے بھی پوچھ لیں، صدر ٹرمپ اور وزیرخارجہ نے واضح کیا ہے کہ ہمیں کرہ ارض کی فکر ہے،امریکا کو اپنے پڑوسیوں کی فکر ہے، ہمیں اس بات کی پراوہ ہے کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے امریکا میں داخلے پر پابندی کے حوالے سے مختلف ممالک کی فہرست بنانے کی تردید کر تے ہوئے کہا کہ کئی دنوں سے جس فہرست سے متعلق چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں اس کا کوئی وجود نہیں۔

ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے حکم پر انتظامیہ امریکی سلامتی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے ، ویزا مسائل سے کس طرح نمٹنا ہے اور کس ملک کے باشندوں کو داخلے کی اجازت دینی ہے جائزہ مکمل ہونے کے بعد ہی اس بارے میں بات ہو سکے گی۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ مختلف ممالک کے باشندوں پر سفری پابندیوں کے حوالے سے غور کررہی ہے، جس سے افغانستان اور پاکستان سمیت متعدد ممالک کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔