
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں مسجد الحرام میں زائرین کی آمد کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا،جہاں اس مدت کے دوران 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد مسلمان عبادت اور زیارت کیلئے پہنچے۔
حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی نے اس بات کا اعلان کیا کہ رمضان کے ابتدائی 10 دنوں میں مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد نے تاریخی حد کو عبور کیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس دوران 55 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے عمرہ ادا کیا، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مقدس مقام پر عبادت اور مذہبی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب اس بڑی تعداد کو منظم کرنے کیلئے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں 11 ہزار سے زائد ملازمین کو مسجد الحرام کے مختلف حصوں میں زائرین کی رہنمائی کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔
مزید برآں 350 سعودی نگران اور 4000 صفائی کارکنوں کو مسجد کی صفائی اور زائرین کی سہولت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ زائرین کی آسانی کیلئے مسجد الحرام میں زمزم کے 20 ہزار ڈسپنسرز بھی فراہم کیے گئے ہیں، تاکہ ہر عبادت گزار کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ اقدامات رمضان میں زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر کیے گئے ہیں، تاکہ ان کی عبادت میں سہولت اور راحت فراہم کی جا سکے۔