
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا میں صبح سویرے آدھے گھنٹے کے دوران دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، تاہم زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، دونوں زلزلوں کی شدت ریکٹر سکیل پر 2.5 سے 3.2 ریکارڈ کی گئی۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کیلیفورنیا میں پہلا زلزلہ 7 بج کر 45 منٹ پر آیا، سان فرانسسکو کے باہر آنیوالے زلزلے کی شدت 2.5 تھی جو الامو سے تین میل سے بھی کم فاصلے پر تھا،زلزلے کا مرکز چار قصبوں پر محیط ایک لاکھ سے زائد آبادی والے علاقے میں تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ زلزلے کا دوسرا جھٹکا بحر الکاہل میں پیٹرولیا سے 47 میل مغرب میں سان اینڈریاس فالٹ پر آیا جو شمال میں کیپ مینڈوسینو سے جنوب میں سالٹن سمندر تک 800 میل کے فاصلے پر پھیلا ہوا ہے، اس علاقے میں گزشتہ چند دنوں میں کئی زلزلے آچکے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں زلزلوں کے بعد کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم علاقہ مکینوں میں زلزلے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ زلزلے کے خوف سے گھروں سے باہر نکل آئے۔
خیال رہے کہ الامو کالاویراسفالٹ پر ہے جو سان اینڈریاس کی ایک شاخ ہے ، سان اینڈریاس درمیانے اور بڑے زلزلوں کیلئے مشہور ہے۔