امریکی شہریت کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری
Gold Card visa plan
فائل فوٹو
واشنگٹن:(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نیا ویزا پلان متعارف کروا دیا ہے جس کے تحت دولتمند غیر ملکی اب امریکی شہریت خرید سکیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گولڈ کارڈ رکھنے والے افراد کو وہی سہولتیں ملیں گی جو گرین کارڈ ہولڈرز کو ملتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد گولڈ کارڈ کے حامل افراد شہریت حاصل کرنے کے اہل بھی ہو سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ مقررہ مدت تک اس پروگرام کا حصہ رہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ گولڈ کارڈ امریکی شہریت حاصل کرنے کا ایک نیا اور آسان طریقہ ہوگا، جو دولت مند افراد کو امریکہ میں آنے اور وہاں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم نہ صرف امریکہ کی معیشت کو فائدہ پہنچائے گی بلکہ عالمی سطح پر امریکہ کی کشش کو بھی بڑھائے گی۔

امریکی حکام کے مطابق اس پلان پر عمل درآمد 2 ہفتوں کے اندر شروع ہو جائے گا، اور اس کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو امریکہ کی شہریت اور گرین کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی، اس اسکیم کے بارے میں مزید تفصیلات آنے والے ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔

ذہن نشین رہے کہ اس نئے منصوبے کے تحت گولڈ کارڈ حاصل کرنے کیلئے 50 لاکھ ڈالر کی فیس رکھی گئی ہے۔

یہ نیا منصوبہ امریکی سیاست اور معاشی پالیسیوں میں ایک نیا موڑ لانے کے امکانات رکھتا ہے، جس پر دنیا بھر میں بحث و تمحیص شروع ہو چکی ہے۔