مالی میں سونے کی کان بیٹھنے سے 48 افراد ہلاک
Mali Gold Mine Disaster
فائل فوٹو
مالی:(ویب ڈیسک) افریقی ملک مالی میں سونے کی ایک کان میں حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 48 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ سونے کی ایک بند کان میں غیر قانونی کان کنی کے دوران پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق حادثہ اُس وقت ہوا جب کان میں کام کرنے والے افراد غیر قانونی طور پر سونے کی کھدائی کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ یہ کان ماضی میں چینی کمپنی کے قبضے میں تھی، لیکن حالیہ برسوں میں یہ بند ہو چکی تھی۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ حادثے میں کئی افراد لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ مالی میں سونے کی کانوں میں غیر قانونی کان کنی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جہاں حفاظتی انتظامات کی کمی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے اکثر ایسے حادثات رونما ہوتے ہیں۔

حکام نے اس حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ممکنہ طور پر اس طرح کی کارروائیوں کیخلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ واقعہ نہ صرف انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنا ہے، بلکہ اس سے علاقے میں موجود سونے کی کانوں کی حفاظت اور غیر قانونی کان کنی کے مسائل پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔