امریکی صدر کے اقدام پر کینیڈا کا بھرپور جواب
Donald Trump and Justin Trudeu
فائل فوٹو
ٹرنٹو:(ویب ڈیسک)کینیڈا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ اقدام پر ردِعمل دیتے ہوئے امریکی درآمدات پر بھی 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ اقدام کینیڈیائی وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا اور میکسیکو امریکہ کے ٹیرف کا مقابلہ کرنے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی مصنوعات خریدیں اور چھٹیاں اپنے ہی ملک میں گزاریں تاکہ ملکی معیشت کو فروغ ملے۔

انہوں نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کو امریکہ کے اقدامات کے جواب میں اپنے مفادات کا تحفظ کرنا ہوگا۔

ذہن نشین رہے کہ امریکہ نے کینیڈا اور میکسیکو سے درآمد ہونے والی اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا، جب کہ چین سے امریکہ بھیجی جانے والی اشیاء پر 10 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکی تجارتی پالیسیوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کے تحت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی تجارتی تعلقات میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کی ہے۔

بین الاقوامی ماہرین کے مطابق کینیڈا کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم ایک سنگین تجارتی جنگ کی طرف اشارہ کرتا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے۔