تبت میں 7.1 شدت کا شدید زلزلہ
Earthquake in China
تبت میں زلزلے کے شدید جھٹکے/فائل فوٹو
تبت:(ویب ڈیسک)چین کے علاقے تبت میں 7.1 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو گئے۔

زلزلے سے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

چینی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز تبت کے دارالحکومت لہاسا سے 80 کلومیٹر دور تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر چین کے مقامی وقت کے مطابق آیا۔

علاوہ ازیں زلزلے کے جھٹکے چین کے ساتھ ساتھ نیپال، بھارت، بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو سمیت مختلف علاقوں میں لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔

بھارتی ریاست بہار میں زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی اور جھٹکے 5 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، تاہم وہاں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

چینی زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت چین میں 6.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق یہ شدت 7.1 تھی۔ تبت کی ٹنگری کاؤنٹی میں کئی دیہاتوں میں گھروں کے زمین بوس ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ بھوٹان، نیپال اور بھارت کے شمالی و شمال مشرقی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ نیپال کے مختلف حصوں میں لوگ کھلے میدانوں میں جمع ہو گئے، جبکہ بھارت میں بھی لوگ اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

چینی حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔ ٹنگری کاؤنٹی کے دیہات میں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔