بلیک فرائیڈے کا پس منظر اور تاریخ
November, 29 2024
نیویارک:(ویب ڈیسک)بلیک فرائیڈے ہر سال نومبر کے چوتھے ہفتے میں منایا جاتا ہے، جو امریکا میں تھینکس گیونگ کے بعد آتا ہے۔
اس کی شروعات خریداری سے جڑی نہیں بلکہ 1869 ء کے مالیاتی بحران اور بعد میں تعطیلات کے دوران غیر حاضریوں سے ہوئی۔
جدید دور میں بلیک فرائیڈے کا ارتقاء:
1980 ء کی دہائی میں امریکی ریٹیلرز نے بلیک فرائیڈے کو بڑے رعایتی سیلز کے موقع میں بدل دیا، اور یہ روایت آہستہ آہستہ دنیا بھر میں مقبول ہو گئی۔
دیگر ممالک میں بلیک فرائیڈے کے متبادل:
چین میں سنگلز ڈے، فرانس میں وندریدی فو، اور میکسیکو میں ایل بوئن فن جیسے مقامی شاپنگ دن موجود ہیں، جو اپنی نوعیت کے لحاظ سے بلیک فرائیڈے کے متبادل سمجھے جاتے ہیں۔
خریداری کے رجحانات اور اعدادوشمار:
2023 ءمیں عالمی سطح پر بلیک فرائیڈے کے دوران صارفین نے تقریباً 70.9 ارب ڈالر خرچ کیے۔
افریقا میں ایک دن میں لین دین میں 83 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ ارجنٹینا میں مالی بحران کے باوجود ای کامرس میں 104 فیصد بڑھوتری دیکھنے کو ملی۔
کیا واقعی بلیک فرائیڈے بہترین ڈیلز پیش کرتا ہے؟
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ بلیک فرائیڈے کی تمام ڈیلز حقیقی رعایت فراہم نہیں کرتیں۔ کچھ ریٹیلرز قیمتیں بڑھا کر سیلز میں دکھاتے ہیں، جسے "بلیک فراڈ" کہا جاتا ہے۔
فراڈ اور صارفین کے تحفظ کے مسائل:
بلیک فرائیڈے کے دوران دھوکا دہی کے کیسز میں اضافہ ہوتا ہے۔ خریداروں کو غیر معروف ویب سائٹس سے خریداری سے گریز اور خریداری کے دوران کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
دانشمندانہ خریداری کے لیے ماہرین کے مشورے:
ماہرین کہتے ہیں کہ خریداری سے قبل قیمتوں کا موازنہ کریں، مستند ریویوز پڑھیں، اور جلد بازی سے بچیں۔ محتاط رویہ اپنانا بلیک فرائیڈے کی سیلز سے فائدہ اٹھانے کا بہترین طریقہ ہے۔
بلیک فرائیڈے کا سماجی اور نفسیاتی اثر:
آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمز صارفین پر دباؤ ڈالنے کے حربے استعمال کرتے ہیں۔ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ خریدار خریداری سے قبل اپنے بجٹ اور ضروریات پر غور کریں تاکہ غیر ضروری اخراجات سے بچ سکیں۔