
اس ہولناک منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایک مذہبی تہوار کے موقع پر منعقد ہونے والے میلے میں پیش آیا،جہاں بچی جھولا جھولتے ہوئے اپنے کھلے بالوں کے ساتھ لطف اندوز ہو رہی تھی۔
اسی دوران اچانک اس کے لمبے بال جھولے کی موٹر میں پھنس گئے،جس سے بچی شدید درد کے عالم میں چیخنے لگی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچی کی تکلیف سے چیخیں سن کر میلے میں موجود دیگر لوگ خوفزدہ ہوگئے اور اس کی مدد کرنے کو دوڑے۔
انتظامیہ کی جانب سے جھولے کو فوری طور پر روک دیا گیا اور بچی کے بالوں کو موٹر سے نکالنے کی کوششیں کی گئیں، لیکن بال بری طرح سے پھنس چکے تھے۔
بعد ازاں مجبوراً بچی کے بال کاٹ کر اسے جھولے سے آزاد کروایا گیا،جس سے اس کی جان تو بچ گئی،مگر سر میں شدید چوٹیں آئیں۔بچی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صارفین نے بچی کیلئے ہمدردی کا اظہار کیا اور اس حادثے سے سبق لینے کی اپیل کی۔
متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے جھولے جھولتے وقت حفاظتی تدابیر کو مدنظر رکھنا ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔