لبنانی عوام کے قتل نےوحشی اسرائیل کو بے نقاب کردیا: خامنہ ای
September, 28 2024
تہران:(ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا ہے کہ لبنان میں نہتے لوگوں کے قتل نے انتہا ء پسند صہیونیوں کے وحشیانہ رجحانات کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا یہ بیان اسرائیل کے اس دعوے کے بعد آیا ہے کہ حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
ایران برسوں سے حزب اللہ کو عسکری اور مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔ حزب اللہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ایک ایرانی حمایت یافتہ گروپ ہے۔تاہم خامنہ ای نے اپنے بیان میں حسن نصر اللہ کا ذکر نہیں کیا۔
خامنہ ای نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا ہے کہ "ایک طرف لبنان میں نہتے لوگوں کے قتل نے انتہا پسند صہیونیوں کے وحشیانہ رجحانات کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے"۔
"دوسری طرف، ان حملوں نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ اسرائیلی لیڈروں کی پالیسیاں کتنی کم نگاہی اور احمقانہ ہیں۔"
آیت اللہ علی خامنہ ای نے تمام مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ لبنان اور حزب اللہ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور "غاصب اور جابر حکومت کا مقابلہ کرنے" میں ان کی حمایت کریں۔
خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیلی "مجرموں کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ کے مضبوط ٹھکانوں کو کوئی خاص نقصان پہنچانے کے لیے بہت چھوٹے ہیں"۔
خامنہ ای نے مزید کہا کہ "خطے کی تمام مزاحمتی قوتیں حزب اللہ کی حمایت کرتی ہیں اور اس کے ساتھ کھڑی ہیں۔"