اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ قطر کے دارالحکومت دوحہ کی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی۔ گزشتہ روز حماس کے سیاسی سربراہ کا جسد خاکی دوحہ میں ان کے گھر پہنچایا گیا تھا جب کہ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے تھے۔
اس سے قبل سابق اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ تہران میں ادا کی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی تھی۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی تھی، نماز جنازہ تہران یونیورسٹی میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ آج پاکستان کی پارلیمنٹ ہاؤس میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
غائبانہ نماز جنازہ میں اسمعیل ہنیہ کی مغفرت کی دعا کی گئی جب کہ ان کی شہادت پر ملک بھر میں آج سوگ منایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، اسماعیل ہنیہ پر تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔