یوکرین پر روس کا میزائل حملہ، جوبائیڈن کی مذمت
Image
واشنگٹن:(ویب ڈیسک)امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین پر روسی میزائل حملوں کی مذمت کی ہے۔
 
ان حملوں میں اب تک 38 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ بائیڈن نے کہا ہے کہ یہ حملے  روسی بربریت کی خوفناک یاد دہانی  ہیں۔
 
اس کے ساتھ انہوں نے یوکرین کی فضائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
 
تازہ ترین روسی حملوں میں اب تک 38 افراد ہلاک اور 190 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان میں پیر کو کیف میں بچوں کے ہسپتال پر حملوں کے دوران زخمی ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔
 
جوبائیڈن کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب منگل کو امریکا میں نیٹو کانفرنس ہونے جا رہی ہے۔
 
امریکی صدرجوبائیڈن نے کہا کہ اجلاس میں یوکرین کی فضائی سکیورٹی کو مزید بڑھانے کا اعلان کیا جائے گا۔
 
اس دوران نیٹو کے 32 رکن ممالک، ان کے اتحادی ممالک اور یورپی یونین بھی نیٹو کی 75 ویں سالگرہ منانے کے لیے جمع ہوں گے۔
 
جوبائیڈن نے کہا کہ وہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور نیٹو کے دیگر رہنماؤں کا خیرمقدم کریں گے۔ اس کانفرنس میں سلامتی اور یوکرین پر روسی حملوں سے تحفظ پر توجہ دی جائے گی۔
 
بائیڈن نے کہا کہ ہم یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط کرنے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کریں گے تاکہ اس کے شہروں اور شہریوں کو روسی حملوں سے بچانے میں مدد ملے۔
 
بائیڈن نے کہا، "میں یوکرین کے صدر زیلنسکی سے بھی ملاقات کروں گا تاکہ انہیں یقین دلا سکوں کہ یوکرین کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔"
 
یوکرین کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بھی منگل کو ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یوکرین پر روس کے میزائل حملے کی مذمت کرنے کے لیے مغربی حکام کے ساتھ شمولیت اختیار کی۔
 
دریں اثناء کیف کے میئر وٹالی کلِٹسکو نے دارالحکومت پر مہلک حملوں کے بعد 9 جولائی کو یوم سوگ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔