موبائل بیچنے یا مرمت کروانے سے پہلے ڈیٹا کیسے محفوظ رکھیں؟ جانیے
تصاویر، ویڈیوز، رابطہ نمبرز، ای میلز، بینکنگ معلومات اور مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت بڑی مقدار میں حساس ڈیٹا موبائل فون میں محفوظ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فون کسی کو بیچنے یا مرمت کیلئے دینے سے پہلے ذاتی معلومات کے تحفظ کیلئے چند ضروری اقدامات کرنا انتہائی اہم ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق صرف فون کو فیکٹری ری سیٹ کرنا بعض صورتوں میں کافی نہیں ہوسکتا، اس لیے فون دوسرے شخص کے حوالے کرنے سے پہلے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔
اہم ڈیٹا کا بیک اپ بنائیں
فون ری سیٹ کرنے سے پہلے اپنی تمام ضروری تصاویر، ویڈیوز، رابطہ نمبرز اور دیگر فائلوں کا بیک اپ ضرور بنائیں، اہم ڈیٹا کو گوگل ڈرائیو، آئی کلاؤڈ، میموری کارڈ یا کمپیوٹر میں محفوظ کیا جاسکتا ہے۔
فون کی انکرپشن چیک کریں
فیکٹری ری سیٹ سے پہلے یہ بھی یقینی بنائیں کہ فون میں موجود ڈیٹا مکمل طور پر انکرپٹڈ ہے، جدید اسمارٹ فونز میں ڈیٹا انکرپشن ذاتی معلومات کو غیر ضروری رسائی سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تمام اکاؤنٹس سائن آؤٹ کریں
فون کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے سے قبل اپنے گوگل، ایپل، سام سنگ یا دیگر اکاؤنٹس کو سائن آؤٹ کرکے فون سے ہٹا دیں، اس کے علاوہ سوشل میڈیا، ای میل اور دیگر اہم ایپلی کیشنز کے اکاؤنٹس بھی چیک کرلیں۔
فیکٹری ری سیٹ ضرور کریں
تمام ضروری ڈیٹا محفوظ کرنے اور اکاؤنٹس ہٹانے کے بعد فون کو فیکٹری ری سیٹ کریں، اس عمل سے فون میں موجود ذاتی معلومات اور صارف کی سیٹنگز ختم ہوجاتی ہیں۔
اضافی احتیاط کیسے کریں؟
مزید احتیاط کے طور پر فیکٹری ری سیٹ کے بعد فون میں کچھ غیر حساس تصاویر یا ویڈیوز منتقل کرکے دوبارہ ری سیٹ کیا جاسکتا ہے، اس سے پرانے ڈیٹا تک ممکنہ رسائی مزید مشکل بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
فون بیچنے یا مرمت کیلئے دینے سے پہلے چند منٹ کی یہ احتیاط آپ کی نجی معلومات کو غیر ضروری رسائی سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔