ممکنہ فراڈ سے بچنے کیلئے واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف
اس فیچر کا مقصد نامعلوم کانٹیکٹس کی جانب سے بھیجے جانے والے ممکنہ فراڈ پیغامات کے بارے میں صارفین کو بروقت خبردار کرنا ہے، ممکنہ خطرے کی صورت میں انتباہ براہِ راست چیٹ میں دکھائی دے گا، جس کے بعد صارف فیصلہ کر سکے گا کہ پیغام بھیجنے والے کو بلاک اور رپورٹ کرنا ہے یا چیٹ پر اعتماد کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فراڈ کی کوشش کو خودکار طور پر نہیں روکے گا بلکہ صارف کو ممکنہ خطرے کے بارے میں اضافی معلومات فراہم کرے گا تاکہ وہ خود مناسب فیصلہ کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات نے اسٹارلنک کو سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کے لیے 10 سالہ لائسنس دے دیا
اسکام الرٹ فیچر اختیاری ہوگا اور بائی ڈیفالٹ فعال نہیں ہوگا۔ صارفین اسے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں واٹس ایپ کی سیٹنگز کے اکاؤنٹس آپشن میں جا کر فعال کر سکیں گے۔
میٹا کے مطابق یہ فیچر ڈیوائس کے اندر موجود مشین لرننگ ماڈل استعمال کرتے ہوئے ممکنہ فراڈ پیغامات کا تجزیہ کرے گا۔ اس عمل کے دوران پیغامات کا مواد کمپنی کے سرورز پر منتقل نہیں کیا جائے گا، جس سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ برقرار رہے گا۔
یہ فیچر ابھی بیٹا مرحلے میں ہے، اس لیے تمام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ دستیابی کی تاریخ فی الحال واضح نہیں ہے۔