سال 2026 میں گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ ہوا؟ جانیے
سال 2026 کے تازہ ترین سرچ ٹرینڈز نے واضح کر دیا ہے کہ لوگوں کی دلچسپی اب تیزی سے مصنوعی ذہانت، سوشل میڈیا اور فوری معلومات حاصل کرنے والے پلیٹ فارمز کی جانب بڑھ رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فہرست میں ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ دنیا بھر کے صارفین نے موسیقی، خبروں، تعلیمی مواد اور تفریحی ویڈیوز کیلئے سب سے زیادہ یوٹیوب کا استعمال کیا۔
مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹول چیٹ جی پی ٹی نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنی بڑھتی ہوئی اہمیت ثابت کر دی، ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلیم، تحقیق، مواد کی تیاری اور روزمرہ مسائل کے حل کیلئے اے آئی ٹولز کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
فیس بک اور انسٹاگرام بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سوشل میڈیا اب بھی صارفین کی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ اسی طرح موسم کی معلومات جاننے کیلئے سرچ کا رجحان پانچویں نمبر پر رہا، جس کی ایک بڑی وجہ موسمی تبدیلیاں اور غیر متوقع موسمی حالات قرار دیے جا رہے ہیں۔
آن لائن خریداری کیلئے ایمیزون چھٹے نمبر پر رہا جبکہ حیران کن طور پر گوگل پر خود گوگل سرچ کرنا ساتویں نمبر پر شامل رہا، زبانوں کے ترجمے کیلئے گوگل ٹرانسلیٹ آٹھویں نمبر پر رہا، جبکہ واٹس ایپ ویب دفتری اور کاروباری استعمال کی وجہ سے نویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
فہرست میں دسویں نمبر پر گوگل کا جدید مصنوعی ذہانت ماڈل جیمنائی شامل ہے، جو اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی مستقبل میں انٹرنیٹ کی دنیا کو مزید تبدیل کر سکتی ہے۔