دنیا بھر میں یوٹیوب بند، وجہ سامنے آ گئی
YouTube global outage
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب آج جمعرات کی صبح اچانک دنیا بھر میں بند ہو گئی، جس سے لاکھوں صارفین متاثر ہوئے۔

پاکستان سمیت متعدد ممالک میں لوگ ویڈیوز دیکھنے، اپ لوڈ کرنے اور اسٹریمنگ کرنے سے قاصر رہے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق یوٹیوب کی بندش کی شکایات دنیا بھر سے موصول ہوئیں، صارفین کو ویڈیوز چلانے کی کوشش کے دوران بار بار پلے بیک ایرر اور سمتھنگ وینٹ رونگ جیسے پیغامات نظر آئے۔

یہ مسئلہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا، جس کے دوران صرف یوٹیوب ہی نہیں بلکہ یوٹیوب میوزک اور یوٹیوب ٹی وی جیسی متعلقہ سروسز بھی متاثر ہوئیں،جس کے بعد صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر شکایات کا طوفان آ گیا اور #YouTubeDown ہیش ٹیگ عالمی سطح پر ٹرینڈ کرنے لگا۔

یوٹیوب کی ٹیم نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہم جانتے ہیں کہ کچھ صارفین کو یوٹیوب، یوٹیوب میوزک اور یوٹیوب ٹی وی استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، ہماری ٹیم اس مسئلے پر کام کر رہی ہے، آپ کے صبر کا شکریہ۔

تقریباً آدھے گھنٹے بعد یوٹیوب کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ سروس بحال کر دی گئی ہے، صارفین اب بغیر کسی رکاوٹ کے ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:انسٹاگرام صارفین کے اکاؤنٹس پر پابندیاں لگانے کا اعلان

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس قسم کے مسائل عام طور پر سرورز کی اوورلوڈنگ، نیٹ ورک کی خرابی یا تکنیکی گڑبڑ کے باعث پیدا ہوتے ہیں، جبکہ بعض حلقوں نے ممکنہ سائبر حملے کے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں، تاہم فی الحال کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔

یہ عالمی بندش امریکہ، یورپ، کینیڈا، آسٹریلیا، بھارت اور پاکستان سمیت درجنوں ممالک میں دیکھی گئی۔ یوٹیوب نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آئندہ ایسے مسائل کو روکنے کے لیے سسٹم اپ گریڈ اور مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنائے گا۔

خوش آئند بات یہ ہے کہ اب یوٹیوب مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے، اور صارفین دوبارہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے پسندیدہ ویڈیوز، گانے اور شوز دیکھ سکتے ہیں۔