سام سنگ کا شاندار فیچرز کے ساتھ بجٹ فون متعارف
Samsung M17
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے سال کی آخری سہ ماہی میں صارفین کیلئے ایک نیا اور سستا لیکن جدید فیچرز سے بھرپور اسمارٹ فون سام سنگ ایم 17 (Samsung M17) متعارف کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق سام سنگ ایم 17 کو ابتدائی طور پر محدود ممالک میں لانچ کیا گیا، فون میں 6.7 انچ کا بڑا ڈسپلے دیا گیا ہے، جس کے ساتھ فنگر پرنٹ سینسر اور جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فون کا ڈیزائن پہلے کے ماڈلز سے زیادہ دلکش اور ہلکا رکھا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق فون میں 5000 mAh کی طاقتور بیٹری دی گئی ہے جو 25 واٹ فاسٹ چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے، یعنی صارفین دن بھر کے استعمال کے باوجود بآسانی بیٹری لائف سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ فون کو 4، 6 اور 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔

کیمرا سیٹ اپ بھی اس فون کی نمایاں خصوصیت ہے، بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں جن میں مین کیمرا 50 میگا پکسل، دوسرا 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور تیسرا 2 میگا پکسل ڈیپتھ سینسر شامل ہے، جبکہ فرنٹ پر 13 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا موجود ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کیمرا کی کارکردگی میں اے آئی (مصنوعی ذہانت) فیچرز کی مدد سے نمایاں بہتری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں چیٹ جی پی ٹی کا سب سے سستا پلان متعارف

کمپنی کے مطابق ایم 17 میں اپ گریڈ شدہ ڈسپلے ٹیکنالوجی اور بہتر کلر کنٹراسٹ دیا گیا ہے جس سے ویڈیو اور گیمنگ کا تجربہ مزید حقیقی محسوس ہوتا ہے۔

ابتدائی طور پر فون چند ممالک میں دستیاب ہوگا، تاہم جلد ہی اسے پاکستان، بھارت اور مشرقِ وسطیٰ سمیت دیگر ممالک میں بھی لانچ کیا جائے گا۔ پاکستان میں اس کی متوقع قیمت 55 ہزار سے 65 ہزار روپے کے درمیان ہوگی، تاہم کمپنی نے حتمی قیمت کا اعلان تاحال نہیں کیا۔