پی ٹی اے کا جعلی واٹس ایپ پیغامات سے متعلق خبردار
WhatsApp scam
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا واٹس ایپ صارفین کو جعلی واٹس ایپ پیغامات سے متعلق خبردار۔

پی ٹی اے کے مطابق ملک بھر میں واٹس ایپ صارفین کو مقامی یا بین الاقوامی نمبروں سے ایسے جعلی پیغامات موصول ہو رہے ہیں جو کہ واٹس ایپ کے آفیشل اکاؤنٹ جیسے لگ رہے ہوتے ہیں اور ان میں واٹس ایپ کا لوگو بھی شامل ہوتا ہے تاکہ صارفین کو باآسانی دھوکہ دیا جا سکے۔

پی ٹی اے کا مزید کہنا ہے کہ ان پیغامات میں اکثر جعلی یو آر ایل لنکس اور گمراہ کن دعوے شامل ہوتے ہیں جیسے کہ واٹس ایپ قواعد کی خلاف ورزی یا اکاؤنٹ ویریفکیشن کی درخواست۔ جبکہ حقیقت میں یہ پیغامات واٹس ایپ کی جانب سے نہیں ہوتے اور ان میں موجود لنکس صارف کے واٹس ایپ اکاؤنٹ یا ذاتی ڈیٹا کو مکمل طور پر خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کالز کیلئے حیران کن فیچر کا اضافہ

مزید برآں پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے کسی لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ان پیغامات کا جواب دیں۔ فوری طور پر ایسے نمبروں کو بلاک کریں اور انہیں واٹس ایپ کو رپورٹ کریں۔ واٹس ایپ پر رپورٹ کرنے کا طریقہ کار Android اور iOS کے لیے ان کی ہیلپ سینٹر پر دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل تحفظ کے لیے محتاط رہیں۔ واٹس ایپ اور دیگر ایپس کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھیں۔ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر ٹو-اسٹیپ ویریفکیشن (Two-Step Verification) ضرور فعال کریں تاکہ کسی بھی غیر مجاز رسائی سے بچا جا سکے۔