
جلد ہی صارفین کو اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر دوسروں سے رابطے کی سہولت دستیاب ہوگی، اس کا بنیادی ذریعہ ان کا یوزر نیم ہوگا۔
اس نئے فیچر کے تحت واٹس ایپ ہر صارف کو ایک منفرد یوزر نیم بنانے کی اجازت دے گا، جو حروف اور اعداد پر مشتمل ہوگا۔ اس یوزر نیم کے ذریعے صارفین بغیر فون نمبر شیئر کیے رابطہ کرسکیں گے۔ یہ فیچر خاص طور پر اُن افراد کیلئے نہایت مفید ثابت ہوگا جو اجنبی افراد، کاروباری رابطوں یا مختصر المدت تعلقات کے دوران اپنی پرائیویسی محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔
نئے سسٹم کے تحت نہ صرف کسی کو یوزر نیم کے ذریعے پیغام بھیجا جا سکے گا بلکہ دوسرے صارفین کو اسی یوزر نیم کے ذریعے تلاش بھی کیا جا سکے گا۔ اس طرح واٹس ایپ کا استعمال مزید آسان، محفوظ اور جدید بن جائے گا۔
اب صارفین کو نہ کسی کا نمبر محفوظ کرنے کی ضرورت ہوگی، نہ ہی پرائیویسی پر سمجھوتہ کرنا پڑے گا۔ یہ فیچر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام اور ٹوئٹر کے یوزر نیم سسٹم سے ملتا جلتا ہے، لیکن واٹس ایپ میں اس کی شمولیت پرائیویسی کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگی۔
فی الحال یہ فیچر تجرباتی مراحل میں ہے اور عام صارفین کیلئے تاحال دستیاب نہیں، تاہم واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق یہ فیچر جلد ہی تمام صارفین کیلئے متعارف کروا دیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق واٹس ایپ کا یہ قدم نہ صرف ڈیجیٹل رازداری کو محفوظ بنانے میں مدد دے گا بلکہ صارفین کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گا۔ ایک ایسے وقت میں جب آن لائن پرائیویسی اور ڈیٹا سیکیورٹی عالمی سطح پر اہم مسئلہ بن چکے ہیں، واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر یقینی طور پر ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔