ایپل کے پہلے اسمارٹ گلاسز متعارف کرانے کا اعلان
Apple Smart Glasses
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک) ایپل نے 2026 میں اپنے پہلے اسمارٹ گلاسز متعارف کرانے کا اعلان کیا، جو جدید اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل اپنے پہلے اسمارٹ گلاسز 2026 کے آخر تک متعارف کرائے گا، یہ اسمارٹ گلاسز فیچرز کے لحاظ سے میٹا کے رے بین گلاسز سے مشابہ ہوں گے، تاہم ایپل کا برانڈ اور جدید ٹیکنالوجی انہیں منفرد بنائے گی جن میں کیمرا، مائیکروفون، اسپیکرز اور اے آئی ٹیکنالوجی جیسی خصوصیات شامل ہوں گی۔

ان گلاسز کی خاص بات یہ ہوگی کہ یہ ملٹی ماڈل آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے اردگرد کے ماحول کو پہچان کر اس کا تجزیہ بھی کر سکیں گے، صارفین ان کے ذریعے میوزک کنٹرول، Siri سے بات چیت اور دیگر فون والے فیچرز بھی استعمال کر سکیں گے۔

علاوہ ازیں ان گلاسز کے پروٹوٹائپ ماڈلز 2025 کے آخر تک تیار ہو سکتے ہیں، ان گلاسز کی تیاری کے باعث ایپل واچ میں کیمرے شامل کرنے کا منصوبہ بھی مسترز کر دیا ہے۔

دوسری جانب ایپل ان گلاسز کو مستقبل میں آئی فون کا ممکنہ متبادل بنانے کا ارادہ رکھتا ہے مگر ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ مکمل اے آر گلاسز کب تک دستیاب ہوں گی۔

ایپل کے سی ای او ٹم کک پہلے ہی اے آر ٹیکنالوجی کو مستقبل کا انقلاب قرار دے چکے ہیں۔