گرانڈ تھیفٹ آٹو کے نئے ورژن کی ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان
 ویڈیو گیم کی دنیا کی سب سے مقبول سیریز گرانڈ تھیفٹ آٹو کا چھٹا ورژن 26 مئی 2026 کو ریلیز کیا جائے گا۔
فائل فوٹو
نیویارک: (ویب ڈیسک) ویڈیو گیم کی دنیا کی سب سے مقبول سیریز گرانڈ تھیفٹ آٹو کا چھٹا ورژن 26 مئی 2026 کو ریلیز کیا جائے گا۔

جی ٹی اے کے نئے ورژن کی ریلیز کا اعلان کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر کیا گیا جس میں گیم کی تاخیر پر مداحوں سے معذرت بھی کی گئی ہے۔

کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں یہ تاریخ آپ کی توقعات سے کچھ تاخیر کا شکار ہے، جس پر ہمیں افسوس ہے مگر جس جوش و خروش اور دلچسپی کا اظہار آپ نے کیا ہے، وہ ہمارے لیے نہایت قابلِ فخر ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہر نئے گیم کی ریلیز میں ہمارا مقصد یہی ہوتا ہے کہ صارفین کی توقعات سے بڑھ کر کچھ پیش کیا جائے اور GTA VI بھی اس سے مستثنیٰ نہیں، اس لیے گیم کے معیار اور کوالٹی کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی وقت درکار ہے۔

مداحوں سے صبر اور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کمپنی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ گیم کے نئے ایڈیشن سے متعلق جلد مزید تفصیلات بھی شیئر کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ گرانڈ تھیفٹ آٹو کو ویڈیو گیم کی دنیا کا ایک کلاسک شاہکار سمجھا جاتا ہے، اس کی پہلی قسط 1997 میں ریلیز کی گئی، جس نے ویڈیو گیم انڈسٹری میں تہلکہ مچا دیا۔

سیریز میں اب تک کئی کامیاب ورژنز آ چکے ہیں جن میں جی ٹی اے III، وائس سٹی، سان آندریاس، جی ٹی اے IV اور جی ٹی اے V شامل ہیں، ہر نئی ریلیز کے ساتھ گیم کا معیار، گرافکس اور کہانی کی پیچیدگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

اب شائقین کی نظریں جی ٹی اے VI پر جمی ہوئی ہیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ گیم اگلی جدید گرافکس، وسیع تر دنیا اور حقیقی زندگی سے قریب تر کہانی پر مشتمل ہوگی۔