
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ پاکستان کے تین لاکھ نوجوانوں کو آئی سی ٹی ٹریننگ کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے وفد کے ارکان نے شرکت کی، اجلاس میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور آئی ٹی کے شعبے میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں گزشتہ برس چین میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ طے کئے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا، ہواوے ٹیکنالوجیز کے نمائندوں نے پاکستان میں جدید تربیتی پروگرام کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
دوران اجلاس وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہواوے ٹیکنالوجیز اس اقدام کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبر سیکورٹی، کلاﺅڈ کمپیوٹنگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کرے گی، تین لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی، ہواوے ٹیکنالوجیز جن ماسٹر ٹریننرز کو تربیت فراہم کرے گا وہ مقامی سطح پر نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس مقصد کے لئے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم محمد شہباز شریف کریں گے، ہواوے ٹیکنالوجیز کی جانب سے اب تک 20 ہزار 315 طلبہ کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے، پروگرام کے تحت سٹوڈنٹس، ٹرینرز اور آئی سی ٹی ٹیکنالوجیز میں کام کرنے والوں کی اپ سکلنگ کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کی آئی ٹی ٹریننگ کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی اور آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان تک اس منصوبے کو وسعت دینے کی بھی ہدایت کی۔
دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، ہواوے کے آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام سے آئی ٹی برآمدات میں اضافے سمیت نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مدد ملے گی۔