
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2026 کے آخر یا 2027 کے شروع میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
ایپل کے حوالے سے مستند لیکس فراہم کرنے والے تجزیہ کار منگ چی کیو کے مطابق کمپنی نے فولڈ ایبل ڈیوائس کیلئے اپنی منصوبہ بندی تقریباً مکمل کر لی ہے، یہ فون بک اسٹائل میں ہوگا، یعنی صارفین اس ڈسپلے کو کسی کتاب کی طرح کھول یا بند کر سکیں گے۔
منگ چی کیو نے مزید بتایا کہ اس فولڈ ایبل آئی فون میں بند ہونے پر 5.5 انچ کی اسکرین ہوگی، اور اسے کھولنے پر اس کی اسکرین 7.8 انچ تک بڑھ جائے گی، جو ایک بہترین فیچرز کے ساتھ ایک منفرد تجربہ فراہم کرے گا۔
ایپل کا یہ فولڈ ایبل آئی فون جدید لچکدار او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا، جو ہزاروں بار کھولنے بند کرنے کے باوجود بھی اپنی کارکردگی میں کوئی کمی نہیں آنے دے گا۔
اس آئی فون کی قیمت 2,000 سے 2,500 ڈالرز کے درمیان ہوگی، جو اسے ایپل کا اب تک کا سب سے مہنگا آئی فون بنائے گی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مہنگے آئی فون کے باوجود ایپل کا یہ فون مارکیٹ میں فروخت کے نئے ریکارڈز قائم کرے گا۔
یاد رہے کہ ایپل اب تک فولڈ ایبل ڈیوائس کی دنیا میں شامل نہیں ہوا تھا، جبکہ دیگر کمپنیوں نے اس شعبے میں پہلے ہی قدم جما لیا ہے۔ کئی برسوں سے ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون یا آئی پیڈ کے بارے میں خبریں سامنے آ رہی تھیں، مگر مختلف تکنیکی اور ڈیزائن کے مسائل کے باعث ایپل نے ان منصوبوں پر کام روک دیا تھا۔