آئی فون 17 پرو میکس کے حیران کن فیچرز سامنے آگئے
ایپل ہر سال اپنی نئی آئی فون سیریز کے ساتھ دنیا کو حیران کر دیتا ہے، رواں سال بھی آئی فون 17 پرو میکس سے متعلق حیران کن فیچرز سامنے آگئے
آئی فون 17 سیریز/ فائل فوٹو
لاہور: (تحریر: شانزہ راصف محمود) ایپل ہر سال اپنی نئی آئی فون سیریز کے ساتھ دنیا کو حیران کر دیتا ہے، رواں سال بھی آئی فون 17 پرو میکس سے متعلق حیران کن فیچرز سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق ایپل اگلی جنریشن کے آئی فون میں کئی بڑی تبدیلیاں متعارف کروا سکتا ہے، جن میں نئے ڈیزائن، بہتر کیمرا، زیادہ اسکرین ریفریش ریٹ اور اپ گریڈ شدہ پروسیسر شامل ہے۔

ایپل "آئی فون 17 ایئر" کے نام سے ایک نیا ماڈل متعارف کروا سکتا ہے جو پتلا اور ہلکا ہوگا۔ فون کا ڈیزائن 6 ملی میٹر سے بھی کم موٹائی کا ہوگا اور اس میں 6.6 انچ کی OLED اسکرین دی جائے گی۔ یہ ماڈل موجودہ "پلس" ورژن کی جگہ لے سکتا ہے اور ان صارفین کے لیے ہوگا جو ایک خوبصورت، ہلکے وزن کا آئی فون چاہتے ہیں لیکن پرو ماڈلز جتنا زیادہ خرچ نہیں کرنا چاہتے۔

اطلاعات کے مطابق ایپل پرو موشن (120Hz ریفریش ریٹ) ٹیکنالوجی کو پورے آئی فون 17 لائن اپ میں شامل کر سکتا ہے۔ اس سے اسکرین کا تجربہ مزید ہموار اور بہتر ہوگا۔ اس کے علاوہ LTPO OLED پینل کے استعمال کی بدولت بیٹری کی کارکردگی میں بھی بہتری کی امید ہے۔

ایپل اپنے کیمرا سسٹم میں بھی زبردست بہتری لا سکتا ہے۔ فرنٹ کیمرا 24 میگا پکسل کا ہو سکتا ہے جو سیلفیز اور ویڈیو کالز کے معیار کو دوگنا بہتر بنا دے گا۔ آئی فون 17 پرو میکس میں 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس شامل ہو سکتا ہے، جس سے زومنگ اور فوٹو کوالٹی میں بڑا فرق آئے گا۔ آئی فون 17 ایئر، سنگل 48 میگا پکسل ریئر کیمرا کے ساتھ آ سکتا ہے، جو اس کے سادہ اور خوبصورت ڈیزائن کو برقرار رکھے گا۔

ایپل اس بار اپنے آئی فونز میں ٹائٹینیم کے بجائے ایلومینیم کا استعمال کر سکتا ہے، جس سے پرو ماڈلز ہلکے ہو جائیں گے۔ الیکٹروپولشڈ ایلومینیم اور گلاس کے امتزاج سے آئی فون 17 سیریز کو مزید جدید اور پریمیم بنایا جا سکتا ہے۔

آئی فون 17 میں A19 چپ شامل کیے جانے کا امکان ہے جو 2nm پروسیسر پر بنی ہوگی۔ اس سے نہ صرف ڈیوائس کی رفتار بڑھے گی بلکہ بیٹری لائف میں بھی اضافہ ہوگا۔ایپل اپنا "موڈیم چپ " بھی متعارف کروا سکتا ہے، جس سے 5G اور وائرلیس کنیکٹیویٹی میں مزید بہتری کی توقع ہے۔

 پرو میکس ماڈل میں 12GB ریم شامل ہو سکتی ہے جو زیادہ ملٹی ٹاسکنگ اور تیز اسپیڈ کی ضمانت ہوگی۔ بہتر کولنگ سسٹم (ویپر چیمبر اور گریفائٹ شیٹ ٹیکنالوجی) متعارف کروائے جانے کی توقع ہے جس سے فون زیادہ دیر تک ٹھنڈا اور بہتر کارکردگی دکھا سکے گا۔

واضح رہے ایپل نے ان تمام اطلاعات کی تصدیق نہیں کی مگر اگر یہ درست ثابت ہوئیں تو آئی فون 17 سیریز ایپل کے لیے ایک بڑا سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ اس میں بہتر ڈیزائن، طاقتور کیمرا، اسمارٹ ڈسپلے، اور مزید پرفارمنس اپ گریڈز شامل ہونے کی امید ہے، جو اسے 2025 کا سب سے جدید اسمارٹ فون بنا سکتا ہے۔