
دس ہزار کلومیٹر طویل کیبل سسٹم پاکستان کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، سوڈان، الجیریا، فرانس، کینیا اور جبوتی جیسے اہم ممالک سے جوڑے گا ، اس کیبل میں شمولیت سے پاکستان کے ڈیجیٹل اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
افریقہ-1 کیبل کو کراچی میں پی ٹی سی ایل ایکسچینج سے منسلک کیا گیا ہے جس سے پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل مراکز کے ساتھ روابط مضبوط ہوں گے، پی ٹی سی ایل نے افریقہ-1 کیبل سسٹم کنسورشیم میں شمولیت کے لیے باضابطہ معاہدہ کیا ہےجو کہ کمپنی کے مطابق پاکستان کے ’ڈیجیٹل وژن 2030‘ کے اہداف کے مطابق ہے۔
پی ٹی سی ایل کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف قومی ٹیلی کمیونی کیشن ڈھانچے کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے مختلف شعبوں میں جدت کو فروغ ملے گا اور ملکی معیشت میں استحکام آئے گا۔
پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ اس کیبل سسٹم کی مدد سے ڈیجیٹل تقسیم کا خاتمہ کر کے عوام کو بااختیار بنانے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، افریقہ-1 کیبل سسٹم 2026 کے اوائل میں فعال ہو جائے گی جس کے بعد پاکستانی صارفین کو عالمی معیار کی انٹرنیٹ سہولیات دستیاب ہوں گی۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اقدام پاکستان کو ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نئی بلندی پر لے جانے کی طرف ایک اہم قدم ہے، یہ منصوبہ پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل لینڈ سکیپ میں ایک اہم ڈیجیٹل پلیئر کے طور پر متعارف کروائے گا۔