گوگل والٹ پیمنٹ سسٹم پاکستان میں لانچنگ کے لیے تیار
File Photo
File Photo
اسلام آباد: (سنو نیوز) گوگل کا موبائل پیمنٹ سسٹم 'گوگل والٹ' جسے 'گوگل پے' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے پاکستان میں متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

اس اہم پیشرفت کا اعلان گوگل نے اپنے ڈویلپر پیج پر کیا جس کے مطابق یہ جدید سروس جنوری 2025 میں پاکستان سمیت 16 دیگر ممالک میں لانچ کی جائے گی۔

گوگل والٹ کو پہلی بار 2011 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ ایک ڈیجیٹل والٹ ہے جو صارفین کو ان کے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈز کی معلومات محفوظ رکھنے اور ان کے ذریعے اینڈرائیڈ فونز سے براہ راست ادائیگی کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

اس کے علاوہ گوگل والٹ میں بورڈنگ پاس، ایونٹ ٹکٹس، شناختی کارڈز اور دیگر اہم معلومات بھی محفوظ کی جا سکتی ہیں۔

گوگل والٹ کو استعمال کرنے کے لیے گوگل والٹ کی ایپ اپنے اسمارٹ فون پر ڈاؤن لوڈ کریں، ایپ کو چلانے کے لیے گوگل اکاؤنٹ سے لاگ ان کریں۔ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات ایپ میں محفوظ کریں۔ کارڈ ایڈ کرنے کے بعد آپ اسٹورز میں کانٹیکٹ لیس پیمنٹ کے ذریعے ادائیگیاں کر سکتے ہیں۔

گوگل والٹ کو روایتی کارڈ کے مقابلے میں زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے کیونکہ کہ ہر خریداری کے لیے ایک منفرد انکرپٹڈ کوڈ استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ کوڈ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات ظاہر نہیں کرتا اس لیے اگر ڈیٹا کسی غلط ہاتھ میں بھی پہنچ جائے تو وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا، اسمارٹ فون سے ادائیگی کا نظام کارڈ کھونے یا چوری ہونے کے خطرات کو بھی کم کرتا ہے۔

گوگل والٹ کی آمد ڈیجیٹل پیمنٹ کے شعبے میں پاکستان کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔ اس سے نہ صرف صارفین کو آسانی ملے گی بلکہ معیشت کو ڈیجیٹلائز کرنے کی حکومتی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔