پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے ایک اور عالمی معرکہ سر کرلیا
عثمان وزیر نے انڈونیشین باکسر کیخلاف ہونے والی فائٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے بعد ان کی بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کا سلسلہ مزید آگے بڑھ گیا ہے۔
فائٹ میں کامیابی کے بعد اپنے بیان میں عثمان وزیر نے کہا کہ وہ انڈونیشین باکسر کیخلاف اپنی 19ویں انٹرنیشنل فائٹ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں، اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کیلئے باعث فخر قرار دیا۔
پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اس جیت کو افواج پاکستان اور پولیس کے جوانوں کے نام کرتے ہیں، جو ملک کے دفاع اور امن و امان کیلئے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
عثمان وزیر نے مزید کہا کہ وہ اپنی کامیابی خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے نام بھی کرتے ہیں، شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
عثمان وزیر کی اس کامیابی پر پاکستانی کھیلوں کے حلقوں میں بھی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کی 19ویں بین الاقوامی فائٹ میں فتح کو پاکستانی باکسنگ کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
واضح رہے کہ عثمان وزیر اس سے قبل بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد کامیابیاں حاصل کرچکے ہیں اور ان کی نظریں مستقبل کی مزید بڑی فائٹس پر مرکوز ہیں۔