پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی
اسلام آباد یونائیٹڈ نے قذافی اسٹیڈیم میں راولپنڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): اسلام آباد یونائیٹڈ نے قذافی اسٹیڈیم میں راولپنڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

 راولپنڈیز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنر سمیر منہاس نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے پنڈیز کے باؤلرز کو بے بس کر دیا۔ انہوں نے صرف 36 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں سات چوکے اور چار بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ نے پاور پلے سے ہی میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
مارک چیپمین نے اختتامی لمحات میں ناقابلِ شکست 24 رنز صرف 7 گیندوں پر بنا کر ٹیم کو آسان فتح دلوائی، اور میچ 34 گیندیں قبل ہی ختم کر دیا۔
اس سے قبل راولپنڈیز اسلام آباد کے منظم فاسٹ باؤلرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔ اگرچہ کامران غلام نے 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ڈیان فارسٹر نے آخری اوورز میں 44 رنز کی جارحانہ بیٹنگ کی، تاہم 7/156 کا مجموعہ لاہور کی بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر ناکافی ثابت ہوا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن (2/21) اور عماد وسیم (1/15) نمایاں باؤلرز رہے۔
اس کامیابی کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن حاصل کر گئی ہے، جبکہ راولپنڈیز کو مسلسل تیسری شکست کے بعد اپنی حکمت عملی پر نظرِ ثانی کرنا ہوگی۔