گزشتہ روز آئی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے میزبان سری لنکا کو 61 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر نہ صرف اس کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا، بلکہ پاکستان کیلئے بھی مشکلات کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے۔
گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں جانے کی واحد امید جمعہ کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ پر منحصر ہے، انگلش ٹیم کی فتح اگر مگر کی صورتحال کے ساتھ پاکستان کا چانس برقرار رکھے گی جبکہ نیوزی لینڈ جیتی تو گرین شرٹس کا میگا ایونٹ میں قصہ ختم اور اس کا سری لنکا سے آخری میچ بس رسمی ہوگا۔
سری لنکا سے فتح کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ گروپ 2 میں سب سے زیادہ یعنی 3.050 ہے، لیکن وہ صرف ایک میچ جیت کر 3 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، انگلینڈ کا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے کم 1.494 ہے لیکن وہ دو فتوحات کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ پاکستان کا رن ریٹ 0.461- ہے اور وہ تیسرے نمبر پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول تبدیل کر دیا
رن ریٹ کا گیم ایسا ہوگا کہ اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ کو کم سے کم 20 رنز سے ہراتا ہے تو پاکستان کو اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو لازمی تقریباً 50 رنز سے ہرانا ہوگا۔
ان نتائج کی صورت میں نیوزی لینڈ اور پاکستان دونوں کے 3،3 پوائنٹس ہو جائیں گے لیکن شاہین رن ریٹ پر کیویز کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیں گے۔