ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا اعلیٰ سطح وفد اگلے چند گھنٹوں میں لاہور پہنچ رہا ہے تاکہ پاک بھارت میچ کے سلسلے میں موجود تنازعہ کو حل کیا جا سکے۔
وفد کی قیادت ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی کریں گے، لاہور پہنچنے کے بعد ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان کھڑے مسائل پر بات کی جائے گی۔ اس اجلاس کا مقصد دونوں فریقین کے درمیان سمجھوتہ کروانا اور میچ کی صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی لاہور پہنچ چکے ہیں۔ آئی سی سی وفد اور بی سی بی صدر کی ملاقات کے بعد وفد آج ہی واپس روانہ ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ بڑی شخصیت سے ملنے لاہور پہنچ گئے
یہ اقدام اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آئی سی سی پی سی بی اور بنگلہ دیشی بورڈ دونوں کو راضی کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ پاک بھارت میچ کا تنازعہ عالمی کرکٹ کمیونٹی کیلئے حساس مسئلہ رہا ہے، آئی سی سی کی یہ ہنگامی مداخلت پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات کو بہتر بنانے اور آئندہ ٹورنامنٹس کے شیڈول میں رکاوٹ دور کرنے کی کوشش ہے۔
شائقین کرکٹ کی نظریں اب لاہور اجلاس کے نتائج پر مرکوز ہیں، جو پاک بھارت میچ اور خطے میں کرکٹ سیاست کے مستقبل کا تعین کریں گے۔