بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ بڑی شخصیت سے ملنے لاہور پہنچ گئے
Bangladesh Cricket Board president  Emergency Lahore visit
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سربراہ امین الاسلام ہنگامی دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے اہم ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ دورہ خطے کی کرکٹ کی صورتحال اور آئی سی سی میں زیرِ غور اہم فیصلوں کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل  ہے۔

رپورٹس کے مطابق امین الاسلام لاہور میں قیام کے دوران محسن نقوی کے ساتھ دوطرفہ امور، علاقائی کرکٹ معاملات اور آئندہ بین الاقوامی ایونٹس پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ ملاقات کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے سربراہان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایک ہنگامی میٹنگ میں آن لائن شرکت بھی کریں گے، جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے متعلق پیدا ہونے والی صورتحال زیرِ بحث آئے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد آئی سی سی کو ایک بار پھر ہنگامی اجلاس بلانا پڑا ہے، جس میں رکن ممالک کے نمائندے مختلف تجاویز اور ممکنہ حل پر غور کریں گے۔ اس اجلاس کے فیصلے آئندہ ٹورنامنٹس کے شیڈول اور کرکٹ تعلقات پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

لاہور میں مختصر قیام کے دوران امین الاسلام دیگر اہم ملاقاتیں اور مشاورتی اجلاس بھی کریں گے،اور تمام مصروفیات مکمل کرنے کے بعد آج شام ہی ڈھاکا واپس روانہ ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، پی سی بی نے اہم قدم اٹھا لیا

کرکٹ حلقوں میں اس اچانک دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس وقت عالمی کرکٹ سیاست ایک نازک مرحلے سے گزر رہی ہے۔

شائقین کرکٹ کی نظریں اب آئی سی سی کے فیصلوں پر مرکوز ہیں، جو نہ صرف پاک بھارت میچ بلکہ مجموعی عالمی کرکٹ شیڈول کی سمت کا تعین کریں گے۔