میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو اپنے مؤقف سے تحریری طور پر مطلع کر دیا، جس میں پاکستان کے تحفظات اور فیصلے کی بنیاد واضح کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز پاکستان نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت ضرور کرے گا، تاہم 15 فروری کو بھارت کیخلاف شیڈول گروپ میچ نہیں کھیلے گا۔
اس اہم فیصلے سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں ورلڈ کپ میں شرکت اور بھارت کیخلاف میچ سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے بعد حکومتِ پاکستان کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا گیا کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لے گا، مگر بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ قومی مفاد اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان نے نیدر لینڈ کو شکست دیدی
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے، پاکستان بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ میچ نہیں کھیلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ کھیل کے میدان میں سیاست کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے، کرکٹ کھیل ہے، سیاست نہیں، اور کھیل کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھنا ضروری ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو اس معاملے پر بنگلادیش کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے اور مشترکہ مؤقف اختیار کرنا خطے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بہتر ہوگا۔