ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان نے نیدر لینڈ کو شکست دیدی
پاکستان
کولمبو میں کھیلے جا رہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز نے پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا/ فائل فوٹو
کولمبو (ویب ڈیسک): آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سنسنی خیزمقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فہیم اشرف مین آف دی میچ قرار پائے۔

 کولمبو میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔ نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے سخت لائن و لینتھ کے ساتھ ڈچ بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔ ڈچ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے سب سے زیادہ 37 رنز اسکور کیے اور وہ اپنی ٹیم کے لیے مزاحمت کی علامت بنے۔ باس ڈی لیڈے نے 30 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ مائیکل لیوٹ نے 24 اور کولن ایکرمین نے 20 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں:  بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، پاکستان کا بڑا حریف کون ہوگا؟

دیگر بلے بازوں میں آریان دت نے 13، زیک لیون کیشیٹ نے 9، میکس او ڈاؤڈ نے 5 اور رولوف وان ڈر میروا نے 4 رنز بنائے، تاہم کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کے ذریعے نیدرلینڈز کو بڑا اسکور کرنے سے روکے رکھا۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ڈچ بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ محمد نواز، صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کر کے دباؤ برقرار رکھا۔ جبکہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بھی ایک اہم وکٹ حاصل کر کے اپنی کلاس کا ثبوت دیا۔

قومی ٹیم نے 148 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں 7 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ آل راؤنڈ فہیم اشرف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، انہوں نے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 11 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صائم ایوب 24، بابر اعظم 15، سلمان علی آغا نے 12 رنز بنائے۔