جاوید میانداد کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل
Javed Miandad Health Update
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ کے عظیم بلے باز اور سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد دل میں تکلیف کے باعث ہسپتال پہنچ گئے، جس کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

خوش آئند بات یہ ہے کہ ابتدائی معائنے اور ضروری ٹیسٹس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں صحت مند قرار دے دیا اور گھر جانے کی اجازت دے دی۔

نجی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاوید میانداد کو کراچی میں واقع قومی ادارہ امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے فوری طور پر ان کا مکمل طبی معائنہ کیا۔

ڈاکٹرز نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ان کے مختلف ٹیسٹ کیے اور بعد ازاں اینجیوگرافی بھی کی گئی تاکہ دل کی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔

رپورٹس کا باریک بینی سے مشاہدہ کرنے کے بعد ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ جاوید میانداد کی حالت تسلی بخش ہے، ان میں کسی سنگین مسئلے کے آثار نہیں پائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:سیلفی کے بہانے معروف کبڈی کھلاڑی قتل

ہسپتال میں قیام کے دوران جاوید میانداد نے این آئی سی وی ڈی میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ڈاکٹرز و عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت طبی امداد اور جدید سہولیات کی بدولت انہیں جلد اطمینان حاصل ہوا۔

گھر روانگی سے قبل جاوید میانداد نے کہا کہ وہ خود کو پہلے سے کہیں بہتر محسوس کر رہے ہیں، اللہ کا خاص کرم رہا اور قوم کی دعاؤں کی بدولت ان کی صحت میں مزید بہتری آئے گی۔